شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد ‘ عدلیہ حمزہ، صنم جاوید اور خدیجہ شاہ کو عدالت پیش کیا گیا، ملزموں کا صحت جرم سے انکار‘6مارچ کو گواہ طلب
لاہور (کورٹ رپورٹر) پولیس وین جلانے کے کیس میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں پر ترمیمی فرد جرم عائد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے تین مقدمات میں تحریک انصاف کے رہنماؤں پر ترمیمی فرد جرم عائد کردی، اس حوالے سے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں کیس کی سماعت کی جہاں شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان کو پیش کیا گیا، عدلیہ حمزہ، صنم جاوید اور خدیجہ شاہ سمیت دیگر ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پر بغاوت اور فسادات پر اکسانے کے الزامات عائد کیے گئے، دوران سماعت عدالت نے تینوں مقدمات میں ترمیمی فرد جرم عائد کر دی تاہم ملزمان نے فرد جرم کی صحت سے انکار کیا، جس پر عدالت نے پراسیکیوشن کی درخواست پر عدالت نے فرد جرم میں ترمیم کی اجازت دی، بعد ازاں 6 مارچ کو گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرلیا گیا۔