توشہ خانہ ٹو کیس عمران خان اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد صحت جرم سے انکار
سپیشل عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی‘جج نے فرد جرم پڑھ کر سنائی‘عمران خان اور بشری بی بی بھی موجود تھے‘سماعت18دسمبر تک ملتوی
اسلام آباد‘لاہور(آئی این پی )سپیشل کورٹ سینٹرل ون اسلام آباد نے با نی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشری بی بی پر فرد جرم عائد کر دی۔سپیشل عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کے علاوہ ان کی اہلیہ بشری بی بی بھی موجود تھیں۔جج شاہ رخ ارجمند نے فرد جرم پڑھ کر سنائی، جس کے بعد توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا ہے۔واضح رہے کہ کیس کی ابتدائی تحقیقات نیب نے کی تھی، نیب ترامیم کی روشنی میں یہ کیس ایف آئی اے کو منتقل کر دیا تھا، ستمبر 2024 میں ایف آئی اے نے ضروری تحقیقاتی کارروائی کے بعد چالان عدالت میں جمع کرایا تھا۔کیس کی گزشتہ سماعت 5 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہوئی، سماعت کے دوران بشری بی بی عدالت میں حاضر نہیں ہوئی تھیں جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے تھے۔عدالت نے ملزمہ کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی تھی۔دریں اثناء نسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے تھانہ شادمان جلا ئوگھیرائو کیس میں رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کیخلاف فرد جرم عائد کر دی۔اے ٹی سی عدالت کے جج مناظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی اور فرد جرم پڑھ کر سنائی۔عدالت نے تھانہ شادمان جلائو گھیرئوا کے مقدمے میں فرد جرم عائد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کر لیا اور سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کر دی۔اس کے علاوہ عدالت نے عسکری ٹاور جلائو گھیرئوا سمیت دیگر مقدمات میں کارروائی 23 دسمبر تک ملتوی کر دی۔