9 مئی کیس :شاہ محمود قریشی سمیت 21 ملزموں پر فرد جرم عائد(توشہ خانہ کیس میں عمران اور بشری پھر بچ گئے)

اعجاز چودھری اور عمر سرفراز چیمہ پر بھی فردم جرم عائد‘ آئندہ سماعت پر بشری بی بی حاضر نہ ہوئیں تو ضمانتی مچلکے ضبط کر لئے جائیں گے:عدالت
لاہور‘اسلام آباد (کورٹ رپورٹر‘آئی این پی) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9مئی 2023ء کے پرتشدد واقعات سے متعلق ایک مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی ‘ اعجاز چودھری‘ سرفراز چیمہ سمیت 21ملزموں پر فرد جرم عائد کردی۔سانحہ 9مئی سے متعلق منصوبہ بندی کے الزام میں تھانہ ریس کورس میں درج مقدمے کا کوٹ لکھپت جیل لاہور میں ٹرائل جاری جاری ہے۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے ریس کورس کے مقدمے کے ٹرائل کی سماعت کی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔پراسکیوشن کی جانب سے مقدمات کے چالان کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کی گئیں ۔شہ خانہ2 کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور انکی اہلیہ بشری بی بی پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہوسکی۔اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ2 کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے ملزمہ بشری بی بی کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر عدم حاضری پر ملزمہ کی ضمانت خارج ہونے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کی عدم حاضری کی بنا پر اس کے ضمانتی مچلکے ضبط کر لیے جائیں گے۔