بشریٰ انصاری نے پاکستانی یوٹیوبرز، ٹک ٹاکرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ان کے مواد کو ’عجیب مخلوق‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ افراد جو ڈیلی ویلاگنگ کرتے ہیں، کروڑوں روپے کماتے ہیں، لیکن ان کے مواد کا معیار انتہائی ناقص اور ناپسندیدہ ہے۔ بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ انہیں ان افراد کے مواد کو دیکھ کر نہ صرف حیرت ہوتی ہے بلکہ ان کی زیادہ حیرت ان افراد پر ہوتی ہے جو ان کو دیکھتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے مواد سے لگتا ہے کہ وہ اور موجودہ نسل دو مختلف دنیاؤں سے تعلق رکھتے ہیں۔ اداکارہ نے اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا کہ وہ کچھ یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز کے بارے میں سنتی ہیں کہ وہ اربوں روپے کما رہے ہیں، لیکن وہ نہیں جانتیں کہ یہ افراد کون ہیں اور ان کے مواد کو کون دیکھ رہا ہے۔اسی دوران بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی پرتعیش زندگیوں اور شادیوں پر بھی تبصرہ کیا، اور کہا کہ وہ ان کی شاہانہ شادیوں اور غیر معمولی فین فالوونگ کو دیکھ کر چکرا گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر کام کو سمجھداری کے ساتھ کرنا چاہیے اور وہ یہ سمجھتی ہیں کہ ان سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والے افراد کی زندگیوں اور ان کے طریقے ان کے تصور سے باہر ہیں۔