سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کراچی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت غصہ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے شہر کے ذمہ داران سے سوال کیا کہ اگر وہ خود کراچی کے باسی ہیں تو کیا انہیں اپنے شہر سے محبت نہیں ہے؟ انسٹاگرام پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں بشریٰ انصاری نے کراچی میں ہونے والی بدانتظامی اور خراب حالت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔اداکارہ نے کہا کہ کراچی میں گندگی، ٹوٹی ہوئی سڑکیں، ناقص انفراسٹرکچر اور ناکارہ صفائی کا نظام انتہائی تشویشناک حد تک بگڑ چکا ہے، جو شہر کی حالت کے حوالے سے ایک افسوسناک تصویر پیش کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پورے ملک کو روزگار فراہم کرتا ہے، لیکن دہائیوں سے اس کی بہتری کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے ہیں، جس سے شہر کی حالت مزید ابتر ہوتی جا رہی ہے۔
بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ وہ کسی ایک سیاسی جماعت کو نشانہ نہیں بنا رہیں، بلکہ ذمہ داران کی خاموشی اور عدم دلچسپی کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں اور شہر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ کریں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر ہم سب مل کر شہر کے لیے آواز بلند کریں اور ذمہ داروں کو جوابدہ بنائیں، تو ہی کراچی کی حالت بہتر ہوسکتی ہے۔