راولپنڈی کے تھانہ نصیر آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اپنی بیوی کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم عبدالسلام نے پہلے اپنی اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر قتل کے بعد واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ تاہم، پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات کے دوران ملزم کو گرفتار کر لیا۔ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ اسے قرار واقعی سزا دی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد اور جرائم ناقابلِ برداشت ہیں، اور ایسے ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ مقتولہ کے اہلخانہ کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔