کہوٹہ میں گھریلو تنازع پر اپنی اہلیہ کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے بعد خودکشی کی کوشش کرنے والا ملزم شکیل بھی دورانِ علاج جان کی بازی ہار گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ملزم شکیل کو گزشتہ روز تشویشناک حالت میں ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز نے اس کی جان بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ کہوٹہ میں پیش آیا جہاں ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے گھریلو لڑائی جھگڑے کے دوران اپنی اہلیہ کو گردن پر تیز دھار آلے (ٹوکے) کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔واقعے کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے تیزاب پی لیا، جس کے باعث اس کی حالت انتہائی تشویشناک ہو گئی تھی اور اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ قتل کے محرکات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔اہل علاقہ کے مطابق واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس نے علاقے میں خوف اور تشویش کی فضا پیدا کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔