اسلام آباد: تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے ایک بار پھر پارٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے ایک "غیر قانونی تنظیم" قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کے بینک اکاؤنٹس کو فوری طور پر فریز کیا جائے۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ وہ گزشتہ سماعتوں کی طرح آج بھی تمام دلائل دینے کے لیے تیار تھے، لیکن کیس کو ایک بار پھر عید کے بعد تک ملتوی کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق کیس کی کارروائی نہیں روکی جا سکتی، پھر بھی تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا، "ہمیں تو یہ خدشہ ہے کہ کہیں پھر سے الیکشن کا وقت نہ آ جائے اور کیس جوں کا توں رہے۔ پی ٹی آئی کی قانونی حیثیت مشکوک ہے اور یہ پارٹی جمہوریت کا صرف ڈھونگ رچا رہی ہے۔"
اکبر ایس بابر کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنما یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ ورکرز کو ان کا حق دلانا چاہتے ہیں، مگر حقیقت میں انہیں خود نہیں معلوم کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پی ٹی آئی کے مالی معاملات کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اس کے اکاؤنٹس کو منجمد کر دیا جائے۔یاد رہے کہ اکبر ایس بابر طویل عرصے سے تحریک انصاف کی قیادت پر فنڈنگ اور تنظیمی معاملات میں بے ضابطگیوں کے الزامات لگاتے آ رہے ہیں، اور ان کا کیس الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے۔