راولپنڈی کے تھانہ کینٹ کی حدود میں مسجد سے نماز پڑھنے والے شہری کا لیپ ٹاپ اور دیگر قیمتی سامان چوری کرلیا گیا، جبکہ چور دوسرے نمازی کے جوتے پہن کر فرار ہوگیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی، جس میں چور کی حرکات واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہیں۔
چور کی چالاکی، جوتے بدل کر فرار
فوٹیج میں نظر آنے والا چور پینٹ شرٹ اور سیاہ چشمے میں ملبوس تھا۔ وہ ہاتھ میں موبائل فون اور چشمہ لیے مسجد میں داخل ہوا، جہاں اس نے انتہائی مہارت سے اپنا ہدف منتخب کیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چور نے مسجد میں نیلے رنگ کے ایک بورڈ کو بیگ کے سامنے رکھا اور کچھ دیر بعد اندر جاکر نمازیوں کے جوتے چننے لگا۔ چور نے جوتے منتخب کرنے کے بعد شہری ضیاء الرحمان کا لیپ ٹاپ بیگ اٹھایا، پہلے اسے ٹوپیوں کے جنگلے کے قریب رکھا، پھر اپنا بیگ کندھے پر ڈالا، پسند کے جوتے پہنے اور بیگ لے کر فرار ہوگیا۔
پولیس کی کارروائی
متاثرہ شہری ضیاء الرحمان نے پولیس کو دی گئی درخواست میں بتایا کہ وہ ملازمت کرتا ہے اور مسجد میں نماز کے دوران بیگ جس میں لیپ ٹاپ، اہم دستاویزات، یو ایس بی اور چارجر تھا، اپنے قریب رکھا۔ تاہم نماز کے بعد بیگ غائب تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کرنے پر چوری کا انکشاف ہوا۔کینٹ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ ڈی ایس پی مرزا جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت کے لیے فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔
مساجد میں چوری کے بڑھتے واقعات
قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ روز لاہور میں بھی مسجد سے لیپ ٹاپ چوری ہونے کا واقعہ سامنے آیا تھا، جس کے بعد شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔