راولپنڈی: تھانہ نیوٹاؤن کے علاقے مری روڈ پر تیز رفتار کار نے سڑک عبور کرنے والی دو لڑکیوں کو کچل دیا، حادثے میں ایک لڑکی موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ دوسری نے اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ دیا۔
حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں دونوں لڑکیوں کو سڑک عبور کرتے اور تیز رفتار کار کی زد میں آتے دیکھا جا سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق حادثہ رحمان آباد میں نادرا آفس کے سامنے مری روڈ پر پیش آیا، جہاں دونوں لڑکیاں سڑک کا ایک حصہ عبور کرنے کے بعد دوسرے حصے پر پہنچیں تو چاندنی چوک کی جانب سے آنے والی تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر مار دی۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کار کی ٹکر سے دونوں لڑکیاں سڑک پر گر گئیں، جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی روکے بغیر موقع سے فرار ہوگیا۔
جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی شناخت تنشا خالد اور ثنا سلیم کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں آپس میں رشتے دار تھیں اور رحمان آباد میں قائم ایک نجی میڈیکل بلنگ کمپنی میں ملازمت کرتی تھیں۔ ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد دونوں ہاسٹل جانے کے لیے سڑک عبور کر رہی تھیں کہ حادثے کا شکار ہوگئیں۔والد خالد حسین کے مطابق ان کی بیٹی تنشا خالد اور ہونے والی بہو ثنا سلیم کو سیاہ رنگ کی ہنڈا کار نے ٹکر ماری، جس کے بعد ڈرائیور رکے بغیر فیض آباد کی جانب فرار ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ اسپتال پہنچے تو ان کی بیٹی اور ہونے والی بہو دونوں دم توڑ چکی تھیں۔