ملک کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے موسلا دھار بارش اور ژالہ باری نے موسم خوشگوار کر دیا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ بعض مقامات پر اولے بھی برسے۔ رات گئے ضلع باجوڑ، مالاکنڈ اور سوات میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر اقتدار میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں، دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 اور ہواؤں کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہے گی۔ پنجاب کے دیگر حصوں، کشمیر، گلگت بلتستان، سندھ کے بعض شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ لاہور میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 اور کم سے کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے، اور شہر میں ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 88 فیصد ہوگا۔