لاہور (ویب ڈیسک):شہر لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش اور ہوا چلنے کے باوجود گرمی کی شدت میں خاص کمی نہ آ سکی۔
شہریوں کو گرمی کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی کے مسائل کا بھی سامنا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جب کہ ہوائیں صرف 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ بارش کے مزید امکانات صرف 10 فیصد ظاہر کیے گئے ہیں۔بارش چیئرنگ کراس، انارکلی، مال روڈ، ڈی ایچ اے فیز 6، ملتان روڈ، ماڈل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن اور ٹاؤن شپ سمیت کئی علاقوں میں ریکارڈ کی گئی، تاہم اس سے گرمی میں نمایاں کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔
فضائی آلودگی برقرار
لاہور ایک بار پھر ملک کا سب سے آلودہ شہر قرار پایا ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی مجموعی شرح 128 ریکارڈ کی گئی، جو عالمی معیار کے مطابق ’مضر صحت‘ ہے۔
سید مراتب علی روڈ: 156
یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب (UCP): 152
ویلنشیا ٹاؤن: 144
اڈا پلاٹ، رائیونڈ: 139
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے باوجود فضائی آلودگی کی سطح بدستور خطرناک حد پر ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، ماسک پہنیں اور آلودگی سے بچاؤ کے لیے دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔