لاہور(کرائم رپورٹر) محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے زیر اہتمام وومین جیل لاہور، وومین جیل فیصل آباد اور وومین جیل راولپنڈی میں وارڈرز کی بھرتی کے لیے امیدواروں کے فزیکل ٹیسٹ مرحلہ وار پنجاب پریزن سٹاف ٹریننگ کالج ساہیوال میں جاری ہیں۔محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق گزشتہ روز 3 جون 2026ء کو وومین جیل لاہور کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کے فزیکل ٹیسٹ منعقد کیے گئے، جبکہ آج 4 جون 2026ء کو وومین جیل فیصل آباد اور 5 جون 2026ء کو وومین جیل راولپنڈی کے امیدواروں کے فزیکل ٹیسٹ لیے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق تمام امیدوار مقررہ تاریخ پر ٹیسٹ سنٹر میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ اگر کسی تکنیکی خرابی، موبائل نمبر کی تبدیلی، ای میل کے مسائل یا دیگر وجوہات کی بنا پر کسی امیدوار کو ایس ایم ایس یا ای میل موصول نہیں ہوئی تو بھی وہ متعلقہ تاریخ پر فزیکل ٹیسٹ سنٹر پہنچ کر ٹیسٹ میں شرکت کر سکتا ہے۔محکمہ جیل خانہ جات نے وومین جیل لاہور کے ان امیدواروں کو بھی خصوصی سہولت فراہم کی ہے جو کسی مجبوری یا ناگزیر وجہ کے باعث 3 جون کو فزیکل ٹیسٹ میں شریک نہ ہو سکے۔ ایسے امیدوار 4 یا 5 جون 2026ء کو پنجاب پریزن سٹاف ٹریننگ کالج ساہیوال پہنچ کر اپنا فزیکل ٹیسٹ مکمل کروا سکتے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ بھرتی کے عمل میں شفافیت اور مساوی مواقع کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کوئی بھی اہل امیدوار اطلاع نہ ملنے یا عارضی مجبوری کی وجہ سے بھرتی کے عمل سے محروم نہ رہے۔