صوبہ بھر میں ’’سیکھ کر گاڑی چلائیں‘‘ مہم کو فروغ: محمد وقاص نذیر

 لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ شہریوں کو بااعتماد اور ذمہ دار ڈرائیور بنانے کیلئے صوبہ بھر میں ’’سیکھ کر گاڑی چلائیں‘‘ مہم کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے ڈرائیونگ سکولز کا قیام ناگزیر ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق پنجاب میں ڈرائیونگ سکولز کی تعداد 126 سے بڑھا کر 133 کر دی گئی ہے جبکہ جدید ڈرائیونگ تربیت کیلئے صوبہ بھر میں 39 جدید سیمولیٹرز نصب کیے جا چکے ہیں۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ پولیس جدید سیمولیٹرز کے ذریعے شہریوں کو ڈرائیونگ کی عملی تربیت فراہم کر رہی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ رواں سال 21 ہزار سے زائد افراد کو ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ کی تربیت دی گئی، جن میں 17 ہزار 700 سے زائد مرد جبکہ 3 ہزار 300 سے زائد خواتین شامل ہیں۔ خواتین کو موٹر سائیکل، کار اور کمرشل گاڑیوں کی ڈرائیونگ کی جدید تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صوبہ بھر میں ٹرانس جینڈر افراد کو مفت ڈرائیونگ تربیت دی جا رہی ہے جبکہ تربیت مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو سرٹیفکیٹ اور ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے جاتے ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ ملکی سطح پر پہلی بار تعلیمی اداروں کے اندر پولیس ڈرائیونگ سکولز قائم کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے کو مزید وسعت دی جا رہی ہے تاکہ نوجوان نسل کو ٹریفک قوانین اور محفوظ ڈرائیونگ سے آگاہ کیا جا سکے۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ’’پہلے سیکھیں اور پھر ڈرائیو کریں‘‘ کے طرزِ عمل کو اپنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس صوبے بھر میں سیکھ کر گاڑی چلانے کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ سڑکوں پر حادثات میں کمی لائی جا سکے۔