نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید ہنر سکھانا اولین ترجیح ہے: ورلڈ بینک کے وفد سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے ورلڈ بینک کے وفد کی اہم ملاقات ہوئی۔ ورلڈ بینک وفد کی قیادت نائب صدر برائے ہیومن ڈویلپمنٹ ممتا مورتھی نے کی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ملکی ترقی اور اصلاحاتی ایجنڈے کے لیے ورلڈ بینک کے تعاون کو سراہتے ہیں، میکرو اکنامک استحکام کے بعد اب توجہ سماجی اور انسانی ترقی پر ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ صحت، تعلیم، اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں ٹارگٹڈ سرمایہ کاری حکومت کی ترجیح ہے۔ ورلڈ بینک نے پاکستان میں بچوں کی غذائیت، سٹنٹنگ کے خاتمے اور معیاری تعلیم کے فروغ پر زوردیا اور کہا کہ پاکستان کی بڑی اور نوجوان آبادی ملکی ترقی کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید ہنر سکھانا اولین ترجیح ہے، پائیدار معاشی ترقی کے لیے انسانی وسائل پر سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت بڑھانا لازم ہے۔