کیش لیس حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہے،ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے شفافیت بڑھے گی، مستحق خواتین کو مالی معاونت براہِ راست، محفوظ اور باوقار انداز میں ملنی چاہیے:وزیراعظم

وزیراعظم نے  اچکزئی کے خط کا جواب دیدیا الیکشن کمیشن میں تقرریوں کیلئے آئینی طریقہ کار پر عمل کرینگے:شہبازشریف
چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے حوالے سے وزیراعظم کا خط اپوزیشن لیڈر کو موصول ہو گیا‘محمود اچکزئی کوئٹہ سے واپسی پر خط کے حوالے سے اپوزیشن  رہنماؤں کو اعتماد میں لیں گے:پارلیمانی ذرائع
 گیٹس فاؤنڈیشن  کے   وفد  کی  وزیراعظم  سے ملاقات ، پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون اور شراکت داری کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
اسلام آباد(آن لائن)چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کے معاملے پروزیراعظم شہبازشریف نے اپوزیشن لیڈرمحمود خان اچکزئی کے خط کا جواب دیدیا۔وزیر اعظم کی جانب سے جواب میں آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دھانی کرائی گئی ہے ۔اپوزیشن لیڈر کوئٹہ سے واپسی پر خط کے حوالے سے اپوزیشن کے رہنماؤں کو اعتماد میں لیں گے ۔پارلیمانی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے خط کا جواب بھجوا دیا ہے۔ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے حوالے سے وزیراعظم کا خط اپوزیشن لیڈر کو موصول ہو گیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خط میں الیکشن کمیشن میں نئی تقرریوں کے لیے آئینی طریقہ کار پر عمل کی یقین دہانی کرائی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بھی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے خط لکھا تھا۔ رانا ثنا اللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی تھی، جس میں وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے خط کا جواب بھجوانے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔دریں اثناء گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون اور شراکت داری کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد میں کلپنا کوچر اور انیتا زیدی شامل تھیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کو درپیش ترقیاتی چیلنجز کے دوران گیٹس فاؤنڈیشن کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہے اور پولیو کے خاتمے کے قومی پروگرام کو اعلیٰ ترین سطح پر سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے صحت، غذائیت، مالیاتی شمولیت اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے کردار کو بھی قابل قدر قرار دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں، غذائی تحفظ، زچہ و نوزائیدہ صحت، غربت کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم اصلاحاتی ترجیحات حکومت کے گورننس اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیش لیس پاکستان حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہے۔  اس کا مقصد عام شہریوں کی زندگی آسان بنانا، حکومتی نظام میں شفافیت کو فروغ دینا اور سرکاری رقوم کسی تاخیر یا ضیاع کے بغیر مستحق افراد تک پہنچانا ہے۔