اگر آئی ایس آئی اور "را" ملکر کام کریں تو دہشتگردی میں کمی آئے گی، بلاول بھٹو

اگر آئی ایس آئی اور

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تعاون پر زور دیا۔

 انہوں نے تجویز دی کہ دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیاں، آئی ایس آئی اور "را"، مشترکہ طور پر بیٹھ کر دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی مرتب کریں، تاکہ خطے میں دہشت گردی میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈیڑھ ارب لوگوں کی قسمت نان اسٹیٹ ایکٹرز یا شرپسندوں کے ہاتھ میں نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے بجائے پاکستان میں مسلمانوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اور کشمیر میں ریاستی دہشت گردی عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو کشمیریوں پر مظالم بند کرنا ہوں گے۔ انہوں نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی سستی کاپی قرار دیا اور کہا کہ بھارت اسرائیلی حکومت کے نقش قدم پر چل رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت ایک نیا، خطرناک معمول قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو طاقت کے استعمال، بین الاقوامی قوانین سے انحراف، اور سفارتی اصولوں کی نفی پر مبنی ہے، اور جو ایک ایٹمی خطے کو بڑے تصادم کی جانب دھکیل سکتا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کے دوران بھارتی الزامات اور یکطرفہ اقدامات کے خلاف پاکستان کا مؤقف تفصیل سے پیش کیا۔ انہوں نے 22 اپریل 2025 کے پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے گئے الزامات کو بے بنیاد، غیر ذمہ دارانہ اور شواہد سے عاری قرار دیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بھارت کی طرف سے کیے گئے حالیہ یکطرفہ فوجی اقدامات، جن میں شہری املاک پر حملے، معصوم جانوں کا ضیاع، اور سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی شامل ہیں، جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت سمیت دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ پہلگام واقعے کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی نااہلی کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور خود دہشت گردی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ بھارت دہشت گرد ملک ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کو ڈائیلاگ اور تباہی میں سے کوئی ایک راستہ چننا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج تیار ہیں اور بھارت نے کوئی حماقت کی تو قوم کی مدد سے ہماری افواج سخت جواب دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم متحد ہوکر بھارت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے دفاع میں بھارتی جارحیت کا جواب دیا، پاک فضائیہ نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جس نے 3 روز تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پہلگام واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات سے کیوں ہچکچا رہا ہے؟انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی سرزمین سے بھارتی جاسوس کلبھوشن کو گرفتار کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے دفاع میں بھارتی جارحیت کا جواب دیا، پاک فضائیہ نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔