امن و امان کیلئے موجود پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا دہشتگردی ہے: بلاول بھٹو

امن و امان کیلئے موجود پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا دہشتگردی ہے: بلاول بھٹو

ویب ڈیسک:اسلام آباد میں پیش آنے والے اس سانحے کی تفصیلات کے مطابق، سری نگر ہائی وے پر شر پسند عناصر نے رینجرز کے اہلکاروں کی گاڑی پر حملہ کیا۔

یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب رینجرز اہلکار معمول کے گشت پر تھے۔ شر پسندوں نے رینجرز کی گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے ایک گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں 4 رینجرز اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ ایک شہری بھی جاں بحق ہوا۔اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز پر حملے دہشتگردی کی واضح مثال ہیں، اور ان حملوں میں ملوث افراد کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند کرے اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی ہو۔

سندھ کے وزیرِ اطلاعات شرجیل میمن نے بھی اس حملے کی مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کے شر پسندانہ اقدامات قانون کی حکمرانی کو چیلنج کرتے ہیں۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور زخمی اہلکاروں کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان میں سیکیورٹی فورسز دہشت گردی اور شورش کے خلاف سخت اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ حملے کے نتیجے میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کی سیکیورٹی میں مزید سختی متوقع ہے، اور اس واقعہ کے بعد سیکیورٹی اداروں نے فوری طور پر علاقے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔