اسلام آباد/بنوں: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں سکیورٹی فورسز کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے بنوں میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملے اور لکی مروت میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی شدید مذمت کی اور دہشتگردانہ حملے کو ناکام بنانے پر ایف سی اہلکاروں کے عزم و جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔ بلاول بھٹو نے شہید ہونے والے سکیورٹی اور پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کی ریلی میں ہونے والے دھماکے کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں اور پارٹی قیادت سے دلی تعزیت کی۔ بلاول بھٹو نے یقین ظاہر کیا کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث دہشتگرد جلد قانون کی گرفت میں آئیں گے۔انہوں نے حکومت بلوچستان کو ہدایت کی کہ واقعے میں زخمی ہونے والے شہریوں کے علاج معالجے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔