اسلام آباد: ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل سے قبل قاتل سے آخری گفتگو سامنے آگئی، ملزم گرفتار

اسلام آباد: ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل سے قبل قاتل سے آخری گفتگو سامنے آگئی، ملزم گرفتار

اسلام آباد کے علاقے جی-13/1 میں دو جون کو فائرنگ کر کے قتل کی گئی 22 سالہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کی اپنے قاتل عمر حیات عرف کاکا سے ہونے والی آخری گفتگو منظر عام پر آگئی ہے، جو اس کی رہائش گاہ کے باہر گولی مارنے سے قبل ہوئی۔

پولیس کے مطابق ملزم عمر حیات مقتولہ سے دوستی کا خواہشمند تھا اور بار بار رابطے کی کوشش کر رہا تھا۔ ثناء یوسف کی جانب سے انکار پر وہ طیش میں آ گیا اور انتہائی قدم اٹھایا۔عینی شاہدین اور قریبی ذرائع کے مطابق، فائرنگ سے قبل عمر حیات اور ثناء یوسف کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ اس دوران مقتولہ نے اُسے سمجھانے کی کوشش کی اور کہا:"تمہیں غصہ آرہا ہے، یہاں سے چلے جاؤ، یہاں سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے ہیں، جاؤ یہاں سے!"مگر عمر حیات نے اس تنبیہ کو نظر انداز کرتے ہوئے پستول نکالا اور ثناء یوسف پر فائرنگ کر دی۔ دو گولیاں سینے میں لگنے سے وہ شدید زخمی ہوئی اور اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

یہ واقعہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ سنمبل میں درج کیا گیا، جن کے مطابق ملزم شام 5 بجے گھر میں داخل ہوا، سیاہ شرٹ اور ٹراؤزر پہنے ہوئے تھا اور ہاتھ میں اسلحہ موجود تھا۔ اس وقت شوہر اور بیٹا گھر پر موجود نہیں تھے۔قتل کے بعد اسلام آباد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمر حیات کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور مقدمے کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔سوشل میڈیا صارفین اور شہری حلقے اس لرزہ خیز واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں، اور خواتین کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔