ویب ڈیسک: پاکستان کے معروف مزاحیہ گلوکار چاہت فتح علی خان ایک بار پھر سرخیوں میں آ گئے ہیں، اس بار انہوں نے اپنے آپ کو پاکستان کا نمبر ون گلوکار قرار دے دیا ہے، جس سے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران، چاہت فتح علی خان نے کہا کہ پاکستان میں گلوکاری کے شعبے میں نمبر ایک وہی ہیں، اور اس فہرست میں دوسرے نمبر پر عاطف اسلم اور تیسرے نمبر پر راحت فتح علی خان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عاطف اسلم ایک اچھی آواز کے مالک ہیں، لیکن اب وہ ترقی کر رہے ہیں، اور راحت فتح علی خان بھی اچھے ہیں، مگر وہ خود سب سے اوپر ہیں۔ان کے اس دعوے پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے، اور تنقید کے نشتر چلا دیے ہیں۔ ایک صارف نے طنزیہ لکھا کہ عاطف اسلم شاید شرم سے کونے میں جا کر رو رہے ہوں گے، جبکہ دیگر صارفین نے اسے شہرت کے لئے دانستہ طور پر بنایا گیا دعویٰ قرار دیا ہے۔ کئی لوگوں نے کہا کہ چاہت فتح علی خان نمبر ایک ہیں، مگر اگر اصل حقیقت کی گنتی کی جائے تو مختلف رائے سامنے آتی ہیں۔
واضح رہے کہ چاہت فتح علی خان کا مقبول وائرل گانا "بدوبدی" دنیا بھر میں سوشل میڈیا پر چھا گیا تھا، اور ان کے مزاحیہ انداز اور میمز کی وجہ سے وہ اکثر خبروں کی زینت رہتے ہیں۔ اس سے قبل بھی وہ اپنی مزاحیہ گانوں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر مقبول رہے ہیں، اور ان کا انداز لوگوں کو محظوظ کرتا رہتا ہے۔