بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا: طلال چودھری

بچوں کی ویڈیوزکوڈارک ویب پربیچا جاتا تھا،سرغنہ جرمن شہری،گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں
 پیکا ایکٹ کا مقصد کسی صحافی کی آوازکودبانا نہیں ،وزیرمملکت کی ڈی جی سائبر کرائم ونگ کے ہمراہ پریس کانفرنس 
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا۔وفاقی دارالحکومت میں ڈائریکٹرجنرل سائبرکرائم وقارالدین سید کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ کا مقصد کسی صحافی کی آوازکودبانا نہیں ہے، پیکا ایکٹ وقت کی ضرورت ہے، وفاقی دارالحکومت میں ہم سوشل میڈیا کوریگولیٹ کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جدید دورکے تقاضوں کے مطابق خود کو ہم آہنگ کرنا ہو گا، سائبرکرائم ونگ نے ایک بڑا نیٹ ورک پکڑا ہے، سائبرکرائم ونگ کا مقصد کسی کی آوازکودبانا نہیں ہے، ہرضلع میں سائبرکرائم ونگ کا دفتربنانا چاہتے ہیں۔وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ سائبرکرائم ونگ کو روزانہ کی بنیاد پرشکایات موصول ہورہی ہیں، سائبرکرائم ونگ نے ایک بڑا نیٹ ورک پکڑ ہے، گینگ مظفرآباد میں بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث تھا،بچوں کی ویڈیوزکوڈارک ویب پربیچا جاتا تھا۔ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم ونگ وقارالدین سید نے کہا کہ جرمن شہری سرغنہ ہے جس کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا ر ہے ہیں، بچوں کی ویڈیوزکوعالمی مارکیٹ میں بیچا جاتا ہے،اس دھندے میں ملوث ملزمان کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے، ویڈیوزکو وٹس ایپ اورٹیلی گرام کے ذریعے بھیجا جاتا تھا۔ انٹرپول کے ساتھ مل کرکام کر رہے ہیں، بچوں کے جنسی استحصال پرسزا میں اضافہ کیا گیا ہے۔