غزہ میں امداد لیتے افراد پر اسرائیل کی بمباری: مزید 40فلسطینی شہید

اقوام متحدہ کا امدادی مراکز پر اسرائیلی فائرنگ کی شدید مذمت ،تحقیقات کا مطالبہ ، عالمی ادارہ خوراک نے غزہ تک رسائی مانگ لی
غزہ(آئی این پی )غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں جہاں اسرائیلی فوج نے امداد لیتے افراد پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں مزید 40فلسطینی شہید ہوگئے۔ادھر اقوام متحدہ نے امدادی مراکز پر اسرائیلی فائرنگ کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا اور امدادی ایجنسیوں نے بھی بھوکے پیاسے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی۔اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل میں امداد کی تقسیم کے مرکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے ہونے والی فلسطینی ہلاکتوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ انھیں اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جب وہ رفح میں قائم اس امدادی مرکز سے خوراک حاصل کرنے کے لیے انتظار کر رہے تھے جو امریکا اور اسرائیل کی حمایت یافتہ غزہ ہیومینیٹیرین فائونڈیشن چلا رہی ہے۔ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ اس کے ہسپتال میں 179زخمیوں کو لایا گیا جن میں سے 21افراد ہلاک ہو چکے تھے۔ حماس کے زیر انتظام سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 31ہے۔اس کے علاوہ امداد کی تقسیم کے لیے عالمی ادارہ خوراک نے غزہ تک رسائی مانگ لی۔برطانوی وزیراعظم اسٹارمر کا کہنا ہے کہ غزہ کی صورتحال بدتر ہوتی جا رہی ہے، امداد کی فوری اور مکمل رسائی یقینی بنائی جائے۔