اسرائیلی فوج کے غزہ پر حملے جاری، مزید 40فلسطینی شہید،متعدد زخمی

غزہ میں کھانے پینے کے سامان اور امداد کی بندش تیسرے ماہ میں داخل،وارننگ کے بعد اسرائیلی فضائیہ کا دمشق میں صدارتی محل کے قریب ڈرون حملہ
غزہ ،دمشق(آئی این پی )اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر جاری حملوںکے نتیجے میں24گھنٹوں کے دوران مزید 40فلسطینی شہید ہوگئے،دوسری جانب اسرائیل نے شام میں صدارتی محل کے قریب ڈرون حملہ کیا جس میں دمشق کے نواح میں شامی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے بے گھر فلسطینیوں پر حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں 24گھنٹوں میں مزید 40سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کھانے پینے کے سامان اور امداد کی بندش تیسرے ماہ میں داخل ہوگئی ہے جس سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے۔دوسری جانب  اسرائیل کی فضائیہ نے شام کے صدارتی محل کے قریب ایک علاقے کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا ہے۔امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس حملے سے قبل اسرائیل نے شامی حکام کو خبردار کیا تھا کہ وہ جنوبی شام میں اقلیتی فرقے کے آباد دیہاتوں کی طرف جانے سے گریز کریں۔ جمعہ کے دن کے آغاز پر یہ حملہ دارالحکومت دمشق کے قریب دروز اقلیتی فرقے سے تعلق رکھنے والے جنگجوئوں اور شامی حکومت کے حامی بندوق برداروں کے درمیان کئی دنوں کی جھڑپوں کے بعد کیا گیا ہے۔