فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل کیے جانے کے سانحے یوم نکبہ کی 77ویں برسی پر اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل
القسام بریگیڈ کے حملے میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک،رواں ماہ کے آخر تک غزہ میں امداد کی تقسیم کا آغاز کیا جائیگا، امریکی حمایت یافتہ تنظیم کا اعلان
غزہ (آئی این پی ) غزہ پر یوم نکبہ کی 77ویں برسی کے موقع پر اسرائیلی وحشیانہ فضائی حملوں کے نتیجے میں 24گھنٹوں کے دوران مزید 120فلسطینی شہید ہو گئے ،دوسری جانب ایک امریکی حمایت یافتہ تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں ماہ کے آخر تک غزہ میں امداد کی تقسیم کا آغاز کرے گی۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے قیام کے دوران فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل کیے جانے کے سانحے یوم نکبہ کی 77ویں برسی پر اسرائیل نے غزہ سمیت مختلف فلسطینی علاقوں پر بم برسائے۔اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ دوسری جانب رفح شہر میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے القسام بریگیڈ نے اسرائیلی فوج پر حملے کئے جس میں کئی فوجی مارے گئے۔حماس نے یوم نکبہ پر اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں گھروں پر بمباری سے نیتن یاہو کو فتح نہیں ملے گی، بل کہ اسرائیل کی دہشتگردی دنیا کے سامنے مزید بے نقاب ہو رہی ہے ۔علاوہ ازیں عالمی برادری نے بھی یوم نکبہ پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کی ہے ، روس، چین اور برطانیہ نے غزہ میں انسانی امداد کی تقسیم کے لیے امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی غیر مشروط فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر حماس نے امداد کی بحالی کو مذاکرات کے لیے کم از کم شرط قرار دیتے ہوئے اسرائیل پر شدید تنقید کی ہے۔حماس نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو وحشیانہ جارحیت پر جواب دہ بنائے۔