الیکشن کی ساکھ ختم ہو چکی ، لگتا ہے اب کھلی بولی لگے گی: مصطفی نواز کھوکھر

حکومت اور پی ٹی آئی کو ساتھ بیٹھنا چاہیے،بدقسمتی سے پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتی ہے
اسلام آباد (آئی این پی )سینئر سیاستدان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ الیکشن کی کریڈیبلٹی ختم ہو چکی ہے، یہ کھوکھلی ایکسر سائز ہے، لگتا ہے کہ اب کھلی بولی لگے گی، دیکھنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں پی ٹی آئی کی احتجاجی کال کو کیا رسپانس ملتا ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی بحران کا بوجھ براہِ راست عوام پر پڑ رہا ہے جبکہ حکمران اور اپوزیشن جماعتیں محض اقتدار کی کرسی کے گرد میوزیکل چیئرز کا کھیل کھیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی دائرے کا سفر جاری رہا تو کوئی بہتری ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کی بہتری حکومت کی بنیادی ذمے داری ہے، لیکن بدقسمتی سے پی ٹی آئی کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ وہ براہِ راست اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتی ہے، جو سیاسی عمل کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے۔مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ ساتھ بیٹھ کر بات چیت کریں تاکہ سیاسی استحکام ممکن ہو۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں عوامی مسائل پر بات ہی نہیں ہو رہی، اور اصل قومی ایشوز مسلسل نظر انداز ہو رہے ہیں۔