پنجاب جرنلسٹ ہائوسنگ فائونڈیشن کو400ملین روپے گرانٹ کی منظوری،پی جے ایچ ایف، لاہور پریس کلب ہاؤسنگ سکیم فیز II کی اراضی کیلئے روڈا کو ادائیگی ‘چیف منسٹر ویٹ پروگرام کی منظوری بھی دی گئی
پنجاب کے 9 ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کی منظوری، بڑوں شہر وں میں جلد چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کی ہدایت‘ وزیراعلیٰ کا آٹزم سینٹر میں سب مریض بچوں کو بلا تفریق داخلہ دینے کا حکم
لاہور میں 1100بلاسود الیکٹرک ٹیکسی کی فراہمی کی منظوری، بس شیلٹرز کی تعمیر و مرمت اور اپ گریڈیشن کی منظوری، ٹھوکر نیاز بیگ اور ریلوے سٹیشن پرالیکٹر ک بسوں کیلئے ڈپو بنانے کی منظوری :کابینہ اجلاس میں فیصلے
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 26 واں اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں 101 ایجنڈا پوائنٹس غور کیا گیا۔عوام کو ریلیف کے لئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے بجلی کے بلوں میں کمی کیلئے پاور ٹیرف کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب رضاکارانہ طور پر بجلی کے نرخ کم کرنے والا پہلا صوبہ گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب کی پاور کمپنیوں کا ٹیرف کم کرنے کی منظوری دے دی ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے حکم پر ٹیرف میں 30سے40فیصد تک کمی ہوسکے گی۔ صوبائی کابینہ نے قائد اعظم تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ اور پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے ٹیرف میں کمی کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لیہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے لئے ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو 400ملین روپے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی۔ پی جے ایچ ایف، لاہور پریس کلب ہاؤسنگ سکیم فیز II کے لئے کی اراضی کے لئے روڈا کو ادائیگی ہوگی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کو بہت بڑا پیکج دینے جارہے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں گندم کے 5لاکھ 14ہزار کاشتکاروں کو فی ایکڑ پانچ ہزار سبسڈی کی ادائیگی مکمل ہوچکی۔ گندم کے مزید پانچ لاکھ کاشتکاروں کی تصدیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد ادائیگی کر دی جائے گی۔ کسان کارڈ کے ذریعے دوسرے مرحلے میں 63ارب مہیا کیے گئے اور کاشتکاروں نے 18ارب روپے کی کھاد خرید لی ہے۔ کابینہ نے چیف منسٹر ویٹ پروگرام 2025کی منظوری دے دی۔ پنجاب کی پہلی ’’ایئر پنجاب پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی‘‘کے قیام کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سال کے اندر ایئر پنجاب شروع کرنے کا ٹارگٹ دے دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ویپنگ (Vaping) سنٹر بند کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مزدوروں اور کارکنوں کے لئے’’سیفٹی گیئر‘‘ یقینی بنانے کا حکم دیا اورلیبر ڈیپارٹمنٹ کو ایک ماہ کے اندر ورکرز کے لئے حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کا ٹارگٹ سونپ دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ مزدور پانچ منزلہ عمارت سے گر کرمر جاتے ہیں،حکومت خاموش نہیں بیٹھ سکتی۔ گٹروں میں صفائی کے لئے اترنے والے ورکرز کو ہر صورت حفاظتی کٹ مہیا کی جائے۔ صوبائی کابینہ نے لیبر ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ ورکرز اور کان کنوں کے لئے راشن کارڈ کی منظوری دی۔اجلاس میں پنجاب کے نو ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے تمام بڑوں شہر وں میں جلد از جلد چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب آٹزم سکول اینڈ ریسورس سنٹر لاہور ایکٹ 2025ء کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے آٹزم سینٹر میں سب مریض بچوں کو بلا تفریق داخلہ دینے کا حکم دیا۔ کابینہ نے لاہورمیں پاکستان کا پہلا نوازشریف میڈیکل سٹی قائم کرنے کے لئے اراضی کی منتقلی کی منظوری دی۔ پانچ ہزار کنال پر مشتمل میڈیل ڈسٹرکٹ میں بلڈ ڈیزیز، بون میرو اور دیگر تمام سپیشلائزڈ سنٹر بنیں گے۔ نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں پارکس، ہوٹل، فوڈ کورٹ، پلے ایریا اور اربن فارسٹ بھی قائم ہوں گے۔ نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں چلڈرن ہسپتال کے قیام کے لئے عالمی شہرت یافتہ ادارے نے رابطہ کر لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے تمام سکولوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کا ہدف دے دیا۔ 40ارب روپے سے ہر سکول میں کلاس روم، ٹائلٹ بلاک، فرنیچر اور لیبارٹریز بنائی جائیں گی۔ صوبائی کابینہ نے لاہور میں 1100بلاسود الیکٹرک ٹیکسی کی فراہمی کی منظوری دی۔ اجلاس میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین کرنے کے لئے پنجاب کی پہلی چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کی منظوری دی گئی۔ اٹک ڈسٹرکٹ کورٹس میں حملے میں جاں بحق ہونے والے ورثا کے لئے سپیشل گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی۔ چھانگا مانگا وائلڈ لائف، لال سونرا، نیشنل پارک میں ایکو ٹورازم کے پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے لاہور میں بس شیلٹرز کی تعمیر و مرمت اور اپ گریڈیشن کی منظوری دی۔ٹھوکر نیاز بیگ اور ریلوے اسٹیشن پرالیکٹر ک بسوں کے لئے ڈپو بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں فلور ملوں اور فوڈ گرینز لائسنس ہولڈرز کی معاون کے لئے 100ارب روپے چیف منسٹر پنجاب سپیشل فنانسنگ فیسلیٹی کی منظوری دی گئی۔