انسٹاگرام ریلز کے ذریعے 7 سال سے لاپتا شوہر کی حقیقت بے نقاب

انسٹاگرام ریلز کے ذریعے 7 سال سے لاپتا شوہر کی حقیقت بے نقاب

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع ہردوئی میں ایک ناقابلِ یقین واقعہ منظرِ عام پر آیا ہے، جہاں ایک خاتون نے اپنے 7 سال سے لاپتا شوہر کو اچانک انسٹاگرام ریلز کے ذریعے دیکھ لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، جتیندر کمار کی شادی سال 2017 میں شیلو نامی خاتون سے ہوئی تھی۔ شادی کے کچھ ہی عرصے بعد ان کے ہاں ایک بیٹے کی پیدائش بھی ہوئی، تاہم جہیز کے مطالبات اور گھریلو جھگڑوں کے باعث دونوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے۔ جتیندر نے بیوی کو مسلسل ہراساں کرنا شروع کر دیا اور بالآخر 2018 میں اچانک لاپتا ہوگیا۔شوہر کی گمشدگی پر شیلو نے مقامی پولیس میں رپورٹ درج کرائی، لیکن کئی برس گزرنے کے باوجود اس کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ اس دوران جتیندر کے اہلخانہ نے شیلو کے رشتہ داروں پر قتل کا الزام بھی عائد کیا تھا، لیکن کوئی ثبوت نہ ملنے کے باعث معاملہ دب گیا۔

تاہم حال ہی میں ایک ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب شیلو انسٹاگرام استعمال کر رہی تھی اور اچانک ایک ریل میں اس نے اپنے شوہر کو لدھیانہ میں دیکھا، جو ایک دوسری عورت کے ساتھ گھوم رہا تھا۔ شیلو کا دعویٰ ہے کہ جتیندر نے دوسری شادی کر لی ہے اور وہ کئی سال سے نئی بیوی کے ساتھ لدھیانہ میں ہی مقیم ہے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ جتیندر کے اہلخانہ کو سب معلوم تھا لیکن انہوں نے اسے چھپایا۔پولیس حکام کے مطابق، اب شیلو کی تحریری درخواست پر کیس کو دوبارہ کھولا گیا ہے اور نئی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو جتیندر اور اس کے اہلخانہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔