سندھ کے سینئر صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان جیل میں اس لیے ہیں کیونکہ ان کے اپنے ہی لوگوں نے ان کے خلاف سیاست کی۔
وہ کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہوں نے مختلف سیاسی و انتظامی امور پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کسی اور سے خطرہ نہیں بلکہ خود اپنی صفوں سے ہے، بانی پی ٹی آئی اپنے قریبی لوگوں کی وجہ سے جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
محرم الحرام کے انتظامات مکمل
شرجیل میمن نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی اقدامات کیے ہیں، اور اس ضمن میں وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیر داخلہ نے علمائے کرام سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں 49 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے اور ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ جلوسوں اور مجالس کا پرامن انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔
ٹریفک مسائل: چنگ چی رکشوں پر پابندی برقرار
صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے ٹریفک کی بہتری کے لیے 11 اہم شاہراہوں پر چنگ چی رکشوں پر پابندی عائد کی ہے۔ چنگ چی رکشہ ایسوسی ایشن نے اس اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے، تاہم انتظامی معاملات حکومت کی ذمہ داری ہیں اور ٹریفک مسائل حل کرنا ضروری تھا۔
93 ہزار سے زائد اساتذہ کی شفاف بھرتی
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے 93,118 اساتذہ کی شفاف بھرتی کی، جس میں کسی قسم کی سیاسی سفارش یا اقرباپروری شامل نہیں۔ ان بھرتیوں سے 93 ہزار خاندانوں کو روزگار ملا ہے، جب کہ 5,000 بند اسکول دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں 55 لاکھ جب کہ نجی اسکولوں میں 40 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں۔ اساتذہ کا تناسب بھی بہتر کیا جا رہا ہے، اب ہر 35 بچوں کے لیے ایک استاد دستیاب ہوگا۔
روزگار، اقلیتیں اور معذور افراد کو بھی مواقع
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے اقلیتوں اور خصوصی افراد کو بھی روزگار فراہم کیا۔ 2100 افراد کو اقلیتی کوٹے پر جبکہ 1330 معذور افراد کو بھی بھرتی کیا گیا۔ سوشل سیکٹر اور انفرااسٹرکچر میں بھی واضح بہتری لائی گئی ہے۔
سندھ کابینہ کا اہم فیصلہ: پارکنگ فیس ختم
شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا کہ سندھ کابینہ کے فیصلے کے تحت صوبے بھر میں چارجڈ پارکنگ ختم کر دی گئی ہے۔ اب کسی بھی مقام پر عوام سے پارکنگ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم پر تنقید
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کام صرف منفی سیاست اور الزام تراشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اگر سنجیدہ ہوتی تو بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیتی۔ پیپلز پارٹی کسی کو گالی دینے کی سیاست نہیں کرے گی۔
خیبرپختونخوا کی صورتحال پر تبصرہ
شرجیل میمن نے کہا کہ خیبرپختونخوا اس وقت بدترین امن و امان کی صورتحال سے گزر رہا ہے، لیکن وہاں کے حکمران اسلام آباد پر چڑھائی کی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج سب کا حق ہے لیکن سڑکیں بند کرنا اور ریڈ زون کی خلاف ورزی قابل قبول نہیں۔