واسا اور میونسپل کمیٹی اوکاڑہ کے2ملازمین رشوت لیتے گرفتار

اوکاڑہ(خصوصی رپورٹ) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اوکاڑہ نے رشوت ستانی کے خلاف دو کامیاب ٹریپ ریڈ کارروائیاں کرتے ہوئے واسا اور میونسپل کمیٹی اوکاڑہ کے دو ملازمین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن آصف نور نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مجسٹریٹ دفعہ 30 محمد ذیشان رانا کی نگرانی میں ٹریپ ریڈ کرتے ہوئے واسا اوکاڑہ کے ملازم مقصود لیاقت کو مبینہ طور پر 20 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار کیا، کارروائی کے دوران رشوت کی رقم بھی بر آمد کر لی گئی،ایک دوسری کارروائی میں اینٹی کرپشن ٹیم نے میونسپل کمیٹی اوکاڑہ کے ملازم محمد سلیم شاہ کو بھی مبینہ طور پر رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے 15 ہزار روپے بر آمد ہونے کا بتایا گیا ہے،ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ مزید تفتیش بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔