اوکاڑہ ہسپتال کا پوسٹمارٹم انچارج رشوت لیتے گرفتار

شہری سے جعلی میڈیکل رپورٹ کیلئے وصول 25ہزار ملزم کاشف سے بر آمد
اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن آصف نور نے مجسٹریٹ نعمان ارشد خان کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اوکاڑہ کے پوسٹمارٹم انچارج کاشف مسیح کو مبینہ طور پر 25 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم نے ایک شہری ذیشان سے جعلی طور پر فریکچر ظاہر کرکے میڈیکل رپورٹ بنوانے کے عوض 25 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی، شہری کی درخواست پر اینٹی کرپشن نے منصوبہ بندی کے تحت چھاپہ مار کارروائی کی، جس کے دوران پوسٹمارٹم انچارج سے رشوت کی مد میں وصول کی گئی رقم بھی بر آمد کر لی گئی،حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانونی کاروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں تاکہ معاملے کے دیگر پہلو ئوں کا جائزہ لیا جا سکے۔