پراپرٹی ٹیکس، موٹر وہیکل ٹیکس اور دیگر محصولات کی وصولی مزید م ئوثر بنانے کا فیصلہ
لاہور(خصوصی رپورٹ)نئے مالی سال کے لیے ریونیو وصولی کا مجموعی ہدف 124 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس ہدف کے حصول کے لیے پراپرٹی ٹیکس، موٹر وہیکل ٹیکس اور دیگر محصولات کی وصولی مزید م ئوثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی جی ایکسائز عمر شیر چھٹہ کا کہنا ہے کہ ڈی سی ویلیو کی بنیاد پر پراپرٹی ٹیکس کا نیا نظام نافذ کیا گیا ہے، تاہم اس کے باوجود شہریوں پر اضافی مالی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا بلکہ ٹیکس دہندگان کو خاطر خواہ ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ان کے مطابق پراپرٹی ٹیکس دہندگان کو 50 فیصد تک رعایت دی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں اور رضاکارانہ طور پر ٹیکس کی ادائیگی کو فروغ ملے۔ڈی جی ایکسائز نے بتایا کہ حکومت پنجاب ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ اسی پالیسی کے تحت رواں مالی سال کے دوران الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس پر 99 فیصد تک رعایت دی گئی ہے تاکہ شہری الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کی جانب راغب ہوں۔ محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ ریونیو ہدف کے حصول کے ساتھ ساتھ شہریوں کو سہولت اور ٹیکس میں ریلیف فراہم کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی سے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔