کسی بھی شخص کو ہراساں و دھمکانے کی اجازت نہیں: فیصل کامران

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ لاہور پولیس شہریوں کے تحفظ اور جرائم خاتمہ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔کسی بھی شخص کو ہراساں و دھمکانے کی اجازت نہیں۔ انصاف کی راہ میں کوئی رکاوٹ بننے والے بھی گرفت میں لائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران کیا۔ مردوخواتین سمیت بزرگ شہریوں نے کھلی کچہری میں شرکت کی۔ شہریوں کی جانب سے لین دین، مالی فراڈ، جھگڑوں سمیت متعدد عوامی شکایات موصول ہوئیں۔فیصل کامران نے شہریوں کی موجودگی میں افسران سے بذریعہ ویڈیو لنک براہ راست کالز پر احکامات صادر کئے۔ انہوں نے کاروباری شراکت داری میں ایک پاٹنرکی وفات کے بعد فراڈ کا معاملہ پر ایس پی ماڈل ٹاؤن کو انکوائری مارک کر دی۔اسی طرح  اووسیز پاکستانی کی کرایہ داروں کی جانب سے 8 ماہ سے کرایہ نہ دینے اور نہ ہی مکان خالی کرنے کی درخواست پر ایس ایچ او شالیمار کو معاملہ حل کرنے کا حکم دیا۔ فیصل کامران نے وراثتی تقسیم و قبضہ کی شکایات پر ایس پی سول لائنز، ایس ڈی پی اوزہنجر وال،رائیونڈ اور ایس ایچ او نشتر کالونی کو انکوائریاں مارک کیں۔ اسی طرح بوڑھی ماں کی بیٹے کے خلاف تشدد کی شکایت پر ایس ایچ او ملت پار ک کو پیرنٹس ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دیا گیاجبکہ بہن پر بھائی کے تشدد کی انکوائری ایس پی ماڈل ٹاؤن کو مارک کی گئی۔ڈی آئی جی آپریشنزنے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں۔ شہری کسی بھی غیر قانونی عمل کی اطلاع پولیس کو دیں۔کھلی کچہری میں آنے والے شہریوں نے ڈی آئی جی آپریشنز فورم پر اظہار اطمینان کیا۔