تمام فیلڈ افسران اس امر کو یقینی بنائیں آئندہ پولیس حراست سے فرار کا کوئی واقعہ پیش نہ آئے:آئی جی پنجاب عبدالکریم
لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پولیس حراست سے ملزمان کے فرارحراست میں ہلاکت اور غیر قانونی حراست کے واقعات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام فیلڈ افسران کو فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں پولیس حراست سے 57 ملزمان فرار ہوئے، جن میں 4 واقعات لاہور میں پیش آئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے 16 ملزمان تاحال دوبارہ گرفتار نہیں کیے جا سکے آئی جی پنجاب نے آر پی او کانفرنس کے دوران واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام فیلڈ افسران اس امر کو یقینی بنائیں کہ آئندہ پولیس حراست سے فرار کا کوئی واقعہ پیش نہ آئے۔حکمنامے کے مطابق قیدیوں کی تحویل سے متعلق ایس او پیز (SOPs)، حفاظتی طریقہ کار اور سیکیورٹی انتظامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ مزید ہدایت کی گئی ہے کہ ایس پی ہیڈ کوارٹر اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ذاتی طور پر جوڈیشل لاک اپ، عدالتی احاطے اور قیدیوں کی حفاظتی ڈیوٹی کا باقاعدگی سے معائنہ کریں تاکہ مؤثر نگرانی اور مقررہ طریقہ کار پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکیآئی جی پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ مستقبل میں اگر پولیس حراست سے فرار کا کوئی واقعہ پیش آیا تو متعلقہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کو ذاتی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور اس کے خلاف مناسب تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی حکمنامے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ پولیس حراست میں ہلاکت کسی صورت قابل قبول نہیں، جبکہ غیر قانونی حراست بھی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے کسی بھی واقعے کی صورت میں متعلقہ ایس ایچ او اور محرر کے خلاف قانونی و محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔