پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی، شہریوں نے ریلیف مسترد کر دیا

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی، شہریوں نے ریلیف مسترد کر دیا

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی ردوبدل کے بعد شہریوں نے حکومتی ریلیف کو ناکافی قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

 شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ حالات میں معمولی کمی عوام کو کوئی حقیقی ریلیف فراہم نہیں کر سکتی۔شہریوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور نمایاں اضافہ کیا گیا، جس کے اثرات ہر شعبے پر مرتب ہوئے۔ اب قیمتوں میں معمولی کمی کو ریلیف قرار دینا عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔شہریوں کے مطابق پٹرول سستا ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کوئی نمایاں کمی دیکھنے میں نہیں آئی، جس کے باعث عام آدمی بدستور مہنگائی کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 سے 60 روپے فی لیٹر تک نمایاں کمی کی جائے، تاکہ اس کے مثبت اثرات ٹرانسپورٹ، روزمرہ استعمال کی اشیا اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں پر بھی مرتب ہوں۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی ردوبدل کے بجائے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جائیں، تاکہ عام شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔