لاہور میں بارش کا افسوسناک واقعہ، بیسمنٹ میں جمع پانی میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق

لاہور میں بارش کا افسوسناک واقعہ، بیسمنٹ میں جمع پانی میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق

صوبائی دارالحکومت کے علاقے ڈیفنس میں بارش کے بعد گھر کے بیسمنٹ میں جمع ہونے والے پانی میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں سال مون سون سیزن کے دوران اب تک 21 افراد جاں بحق جبکہ 154 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ زیادہ تر واقعات چھتیں اور دیواریں گرنے، کرنٹ لگنے اور بارش سے متعلق دیگر حادثات کے باعث پیش آئے۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری طور پر زیرِ آب علاقوں میں جانے سے گریز کریں اور خستہ حال عمارتوں میں رہائش سے اجتناب کریں تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔