پنجاب یونیورسٹی:سکالرشپس ، سبسڈی میں اضافے کا فیصلہ

 3  سال میں بجٹ خسارہ ختم کر دیں گے :وی سی کاسینڈیکیٹ اجلاس سے خطاب 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی مالی سال2025-26 کے بجٹ کی سفارشات کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد علی کی چیئرمین شپ میں سینڈیکیٹ کا1758 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں سینڈیکیٹ نے سینیٹ کو20.16  ارب روپے کے بجٹ کی منظوری کی سفارش کر دی۔ بجٹ میں طلبا و طالبات کا مالی بوجھ کم کرنے کے لئے سکالرشپس اور سبسڈی میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد علی کی ہدایت پر گزشتہ سال کے مقابلے میں سکالرشپ کی رقم 380 ملین روپے سے بڑھا کر406 ملین روپے کر دی گئی۔ علاوہ ازیں ہونہار سکالرشپ پروگرام، ایچ ای سی اور پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی طرف سے بھی یونیورسٹی کے طلبا و طالبات وظائف دئیے جائیں گے۔ یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ کو مزید بہتر بنانے اور ملکی معاشی و معاشرتی ترقی پر مثبت انداز میں اثرانداز ہونے والی تحقیق اور تحقیقی کلچر کو فروغ دینے کے لئے ریسرچ گرانٹ229 ملین سے بڑھا کر 297 ملین روپے کرنے کی منظوری دے دی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئیوی سی  نے کہا کہ آئندہ 3  سالوں میں یونیورسٹی کا بجٹ خسارہ ختم کر دیں گے اور قرض لینے کی بجائے ذرائع آمدن بڑھانے کو ترجیح دیں گے۔