ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے میگا سپر اسٹار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ تین سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں، تاہم وہ ان مشکل حالات کے باوجود اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے اپنی تازہ انسٹاگرام پوسٹ میں نوجوانوں کو حوصلہ افزا پیغام بھی دیا ہے۔
سلمان خان کا انکشاف:
سلمان خان نے یہ اعتراف معروف پروگرام ’’دی گریٹ انڈین کپل شو‘‘ میں گفتگو کے دوران کیا، جس سے ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔اداکار نے بتایا کہ وہ تین طبی بیماریوں کا شکار ہیں، جن میں شامل ہیں:
ٹریجمنل نیورالجیا
ایک دائمی اعصابی بیماری، جس میں مریض کو چہرے کے مختلف حصوں میں شدید جھٹکے دار درد ہوتا ہے۔یہ بیماری سلمان خان کو کئی سالوں سے لاحق ہے۔
برین انیورزم (Brain Aneurysm)
دماغ کی خون کی نالی کے کمزور ہونے کے باعث ہونے والا ابھار ہوتا ہے۔اگر پھٹ جائے تو یہ ہیمرجک اسٹروک کا سبب بن سکتا ہے، جو جان لیوا بھی ہو سکتا ہے۔
اے وی مالفارمیشن (AV Malformation)
ایک نایاب اعصابی بیماری، جس میں دماغ یا ریڑھ کی ہڈی کی شریانیں اور رگیں غلط انداز میں جڑ جاتی ہیں۔یہ بیماری خون کے بہاؤ میں رکاوٹ، سر درد، بے ہوشی، دماغی خلل اور دیگر پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔
انسٹاگرام پر نوجوانوں کیلئے پیغام:
اپنی بیماریوں کے باوجود سلمان خان نے انسٹاگرام پر ایک نئی تصویر شیئر کی، جس کے کیپشن میں انہوں نے نوجوانوں کو محنت اور صبر کا درس دیتے ہوئے لکھا:"محنت کرو صحیح دِشا میں، انہی پر وہ مہربان، اور بنائے گا اُنہی کو اُن کے ہنر کا پہلوان"۔یہ پیغام سلمان خان کے حوصلے، خود اعتمادی اور زندگی کے بارے میں مثبت سوچ کا مظہر ہے۔
مداحوں کی دعائیں:
سلمان خان کے انکشاف کے بعد مداحوں کی جانب سے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کے چاہنے والوں نے ان کے جلد صحتیاب ہونے کی دعائیں کی ہیں اور ان کی استقامت کو سراہا ہے۔