پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان کے والد انتقال کر گئے، جس کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے تعزیت اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
احسن خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے والد کے انتقال کی افسوسناک خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ انہوں نے اپنے والد کے ہمراہ چند یادگار تصاویر بھی پوسٹ کیں اور ایک جذباتی پیغام میں اپنے دکھ کا اظہار کیا۔اداکار نے لکھا کہ بعض جدائیاں انسان کو زندگی کی سب سے بڑی حقیقت یاد دلاتی ہیں کہ اس دنیا میں کوئی بھی چیز ہمیشہ رہنے والی نہیں اور ہر شے اللہ تعالیٰ کی امانت ہے۔احسن خان نے اپنے والد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بے حد شاندار انسان تھے اور آج وہ زندگی میں جس مقام پر ہیں، اس میں ان کے والد کا بنیادی کردار ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اس مشکل گھڑی میں جن لوگوں نے ان سے رابطہ کیا، اظہارِ محبت کیا اور ہر ممکن حوصلہ افزائی کی، وہ ان سب کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ ان کے مطابق دوستوں، ساتھیوں اور مداحوں کی محبت نے انہیں یہ احساس دلایا کہ وہ اس آزمائش میں اکیلے نہیں تھے، اور یہ احساس ان کے لیے الفاظ سے کہیں زیادہ اہم ہے۔احسن خان کے والد کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں، شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور احسن خان و اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعائیں کی جا رہی ہیں۔