اداکار آغا علی ایکشن سین کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے ہیں۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں مداحوں کو اطلاع دی کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ریہرسل مکمل ہونے کے باوجود ان کے ساتھی اداکار کا جوتا ان کے ہاتھ پر لگ گیا، جس سے انہیں چوٹ آئی اور ہاتھ زخمی ہوگیا۔ آغا علی نے بتایا کہ اس اچانک حادثے کے باوجود انہوں نے شوٹنگ روکنے کے بجائے اسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے زخموں کو میک اپ کے ذریعے چھپایا اور رات تقریباً 4 بجے تک کام مکمل کیا، کیونکہ ایک فنکار کے طور پر اپنی ذمہ داری نبھانا ضروری ہوتا ہے، چاہے حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں۔
اداکار نے مداحوں کو یہ بھی بتایا کہ وہ اب کافی بہتر ہیں، صرف ہاتھ میں سوجن ہے جو جلد ٹھیک ہوجائے گی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کامیابی کا سفر آسان نہیں ہوتا، راستے میں مشکلات آتی ہیں، مگر مستقل مزاجی اور ہمت ہی انسان کو منزل تک لے جاتی ہے۔ اس کے علاوہ، آغا علی نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اداکارہ حنا الطاف سے شادی کی تھی، مگر کچھ سال بعد دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کرلی۔