کھرڑیانوالہ :اراضی تنازع ، مسلح افراد نے 2 بھائی قتل کر دیئے

چک نمبر73ر،ب کریانوالہ میں عامر امیر اور آصف امیر کو گولیاں مار دی گئیں 
کھرڑیانوالہ،فیصل آباد (خصوصی رپورٹ)پلاٹ کی رقم کے تنازع پر مسلح افراد نے 2حقیقی بھائیوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ چک نمبر73ر،ب کریانوالہ محمد پورہ اضافی آبادی کے رہائشی سید عامر امیر اورسید آصف امیر کو محمد ندیم وغیرہ تین مسلح افراد نے گزشتہ روز موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس کے مطابق سید عامر امیر اورسید آصف امیر کاملزم محمد ندیم کے ساتھ پلاٹ کے لین دین کاتنازع تھا اور رقم کے لین دین کے لیے ملزم محمد ندیم نے دونوں بھائیوں کواپنے پاس بلایاہواتھااسی دوران ندیم کی ان کے ساتھ تلخ کلامی ہوگئی جس پر اس نے 2 ساتھیوں کے ساتھ مل کر دونوں بھائیوں کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجہ میں دونوں بھائی موقع پر دم توڑگئے جبکہ ملزم فرار ہوگئے۔اے پی پی کے مطابق دونوں مقتولین نے چند سال قبل مبینہ قاتل کے بھائی کو قتل کیا تھا ۔ ملزموں کی گرفتاری کے لئے پولیس نے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔