10سال بعد 2024 کا دسمبر خشک ، سرد ترین قرارشمال مغربی ہوائوں سے لاہور میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند نے راستے گم کر دئیے جس کی وجہ سے موٹرویز بند رہیں جبکہ ٹرین اور فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر رہا۔ شدید دھند کی وجہ سے جدہ سے آنے والی سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 738 کو لینڈنگ کی اجازت نہ ملی اور طیارے کا رخ اسلام آباد ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔شدید دھند کی وجہ سے کئی پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔شدید دھند کے باعث موٹر ویز کو متعدد مقامات سے بند رکھا گیا، موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک ،موٹر وے ایم 3 لاہور سے عبدالحکیم ،موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک ،موٹر وے ایم 5 شیر شاہ سے روہڑی تک جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 پر بھی ٹریفک کو انٹری کی اجازت نہ ملی۔دھند چھٹنے کے بعد موٹر ویز کو مرحلہ وار کھول دیا گیا۔ موٹروے ایم 11 کو دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیاترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو دھند کی وجہ سے بند کردیا گیاموٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے،دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے لاہور میں بارشیں برسانے کا سبب بننے والی شمال مغربی ہوائوں کے داخل ہونے کے بعد شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 9 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 221 فیصد ریکارڈ ہونے سے لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر رہا ،محکمہ موسمیات نے آج سے 6جنوری تک شہر میں بارش کی نوید سنا دی ہے۔ علاوہ ازیں دس سال بعد 2024 کا دسمبر خشک اور سرد ترین قرار دیدیا گیا، چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق گزشتہ برس دسمبر میں بارشیں نہ ہونے سے شہریوں کو خشک موسم کا سامنا کرنا پڑا۔ یکم سے 3 دسمبر کے دوران سردی کی پہلی لہر نے انٹری دی۔علاوہ ازیں ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث لاہور سے 19 پروازوں کی آمد اور روانگی تاخیر کا شکار ہوئی۔دریں اثنا دھند کی وجہ سے لاہور سیالکوٹ موٹروے M-11 کو بند کر دیا گیا۔