فیصل آباد:گھریلو رنجش پر شوہر کی فائرنگ ،برادرنسبتی مارا گیا ، بیوی شدیدزخمی

سجاد نے ناراض بیوی اقراء کے نہ ماننے پر گولیاں چلادیں،18سالہ عبدالقادر موقع پردم توڑ گیا 
 فیصل آباد(آن لائن) تھانہ غلام محمد آباد میں گھریلو رنجش پر شوہر نے فائرنگ کرکے اپنے سالے کو قتل اور بیوی کوزخمی کردیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔آن لائن کے مطابق تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ میں روٹھی بیوی کو منانے آئے شوہر نے فائرنگ کر دی ،ملزم سجاد اپنی بیوی اقراء کو منانے کے لیے اسکے گھر آیا۔ روٹھی بیوی کے نہ ماننے پر ملزم نے فائرنگ کر دی، فائرنگ سے 18 سالہ عبدالقادر جاں بحق جبکہ 22 سالہ اقراء شدید زخمی ہوگئی ۔ جاں بحق نوجوان اور زخمی ہونے والی لڑکی بہن بھائی بتائے جاتے ہیں۔ملزم موقع سے فرار ہو گیا، پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ہسپتال میں لڑکی کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔سی پی او فیصل آباد ڈی آئی جی کامران عادل نے واقعہ کا فوری نوٹس لے لیا،ایس پی لائلپور ڈویژن کی سربراہی میں ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دیدی گئی۔