عدنان کی بیوی اپنی بہن کیساتھ ناجائز تعلقات پرناراض ہوکرمیکے آگئی ،ملزم نے واپس نہ جانے پرفائرنگ کردی
لاہور(کرائم رپورٹر)اچھرہ کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اچھرہ میں محمد علی روڈ کے رہائشی 40 سالہ عدنان نے فائرنگ کرکے بیوی کنول، سالی فضا اور برادر نسبتی شہزاد کوزخمی کر دیااور خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ اطلاع ملنے پر ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاش کو قبضہ میں لیکر تینوں زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم عدنان کے اپنی سالی فضا سے ناجائز تعلقات تھے، علم ہونے پر عدنان کی بیوی اپنے میکے آ گئی تھی،ملزم اپنی بیوی اور سالی کو ساتھ لے جانے پر بضد تھا،سسرالیوں کی جانب سے مزاحمت پر عدنان نے فائرنگ کی۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر لیے گئے ہیں،40 سالہ عدنان نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی کنول، سالی فضا اور برادر نسبتی شہزاد کو زخمی کیا، بعد میں ملزم نے اسی پستول سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی، واقعہ کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔