داماد کی فائرنگ سے ساس ، برادرنسبتی قتل

بیوی ، خواہر نسبتی شدید زخمی ، ملزم گھر میں دیوار پھلانگ کرداخل ہوابیوی نے پہلے بھی ملزم پرمقدمہ درج کرایاتھا
لاہور(کرائم رپورٹر)ستوکتلہ میں گھریلو تنازع پر داماد نے فائرنگ کر کے ساس اور برادر نسبتی کو قتل جبکہ بیوی اور خواہر نسبتی کو شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا ،پولیس نے لاشیں پوسٹمارٹم اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ستوکتلہ کے علاقے میں مرزا علی یار نامی شخص نے گھریلو تنازع پر اپنے سسرالیوں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 63 سالہ سمیع موقع پر دم توڑ گیا، کلثوم ،عنیزہ اور ملزم کی بیوی خالدہ شدید زخمی ہو گئی جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔اطلاع ملنے پر پولیس نے زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جہاں کلثوم دوران علاج دم توڑ گئی، پولیس کاکہنا ہے کہ ملزم سالی رمیزہ اور بیوی خالدہ تاحال آئی سی یو میں داخل ہیں جن کا علاج معالجہ جاری ہے ،ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم مرزا علی یار اور اس کی بیوی کے درمیان عرصے سے تنازع چل رہا تھا، جبکہ بیوی کی جانب سے ملزم کے خلاف پہلے بھی مقدمہ درج کرایا گیا تھا ،گزشتہ روز ملزم دیوار پھلانگ کر زبردستی گھر میں داخل ہوا اور سسرالیوں پر فائرنگ کردی۔