جنوری میں 1645 مقدمات درج،93 ہزار سے زائد پتنگیں برآمد کی گئیں
6 تا 8 فروری کے علاوہ پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد ہے :سی سی پی او
لاہور(کرائم رپورٹر)بسنت سے قبل لاہور پولیس کی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔شہر بھر میں جاری آپریشنز کے دوران ابتک 1ہزار729 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔ترجمان پولیس کے مطابق رواں سال جنوری میں 1645 مقدمات درج کر کے ملزموں سے 93 ہزار سے زائد پتنگیں اور 2100 سے زائد چرخیاں برآمد کی گئیں۔کینٹ ڈویڑن پولیس نے غیر قانونی پتنگ فروشوں و کیمکل ڈور فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران گزشتہ رو ز 9 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔چوکی نادر آباد پولیس نے ملزم عمران ،غازی آباد پولیس نے 5 پتنگ فروشوں ، چوکی سپر ٹائون اور مناواں پولیس نے 3 پتنگ فروشوں شاہ زیب خان، عبدالسعید، عبدالحنان وغیرہ کو گرفتار کرکے قبضے سے ہزاروں مالیت کی 355 پتنگیں اور ممنوعہ کیمیکل ڈور کی 47 چرخیاں برآمد کیں،ملزموں کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے ۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ 6 تا 8 فروری کے علاوہ پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد ہے ، قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،شہر ی کائٹ فلائنگ ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔