ملتان، غیر ملکی طالبعلم حرکتِ قلب بند ہونے سے انتقال کر گیا

 صومالیہ کے میڈیکل فائنل ائیر کے محمد یونس کو طبی امداد فراہم کی گئی ،جانبر نہ ہو سکا
ملتان(آئی این پی ) ملتان کی نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم غیر ملکی طالبعلم حرکتِ قلب بند ہونے سے انتقال کر گیا۔ تفصیل کے مطابق ملتان کی نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم صومالیہ سے تعلق رکھنے والا طالب علم محمد یونس فٹ بال میچ کے دوران اچانک حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گیا۔نشتر اسپتال ملتان کے ترجمان کے مطابق واقعہ فٹ بال میچ کے دوران پیش آیا، 27 سالہ صومالیہ سے تعلق میڈیکل فائنل ائیر کے طالب علم محمد یونس کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ترجمان کے مطابق محمد یونس کے لواحقین سے صومالیہ میں رابطہ کیا جارہا ہے۔اس سے قبل بھارت کی ریاست تلنگانہ میں اسکول میں دوران تعلیم نویں جماعت کا طالبعلم دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا تھا۔