پنجاب حکومت نے صوبے کی تاریخ کی پہلی ویمن ایکسپو 2025 کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا اور ان کی کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
"مضبوط عورت، مضبوط پنجاب" کے عنوان سے یہ ایکسپو نومبر کے آخری ہفتے میں ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت منعقد ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس ایکسپو کے انعقاد کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ایکسپو میں نہ صرف پنجاب بلکہ خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور کشمیر سے خواتین اینٹرپرینیورز اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہوں گی۔ اس کے علاوہ امریکا، برطانیہ، کینیڈا، ترکیہ، جاپان اور کوریا سمیت مختلف ممالک سے بھی خواتین کاروباری شخصیات کی آمد متوقع ہے۔ بنگلہ دیش، چین اور ملائیشیا کی اینٹرپرینیورز کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور لاہور چیمبرز سمیت ملک کے دیگر چیمبرز آف کامرس نے بھی ایکسپو میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ سعدیہ تیمور نے اس موقع پر کہا کہ ویمن ایکسپو خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایکسپو کو عالمی معیار کے مطابق منعقد کیا جائے گا، جہاں خواتین اینٹرپرینیورز اپنی تیار کردہ مصنوعات کے اسٹالز لگائیں گی اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطے قائم کریں گی۔