ٹریفک حادثات،8سالہ لڑکا،نوجوان جاں بحق

8 سالہ احمد علی کوبس نے کچل دیا،موٹرسائیکل سوارعلی گدھاگاڑی سے ٹکراگیا
مریدکے،شیخوپورہ(خصوصی رپورٹ)مختلف ٹریفک حادثات میں 8سالہ لڑکا اورنوجوان جاں بحق، جبکہ 4بہن بھائیوں سمیت 6افرادزخمی ہوگئے،علاقہ آہدیاں کے قریب لاہور سے شکرگڑھ جانیوالی بس نے 8 سالہ لڑکے احمد علی کو کچل دیا،جو ٹی ایچ کیو ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا۔علاوہ ازیں گزشتہ روزعلی الصبح ریلوے لائن کیساتھ سلطان پارک کی آبادی میں موٹر سائیکل پر سکول جاتے چار بہن بھائی آوارہ کتوں کو اپنی جانب آتا دیکھ کر خوف زدہ ہو کر موٹر سائیکل سے گر پڑے، چاروں بہن بھائی جنت فاطمہ، ارمان ،عادل اور احد شدید زخمی ہو گئے،6 سالہ جنت فاطمہ کو تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کردیا گیا۔دریں اثنا آبادی ریان پورہ کے رہائشی دو موٹر سائیکل سوار دیگر دو تین بائیکرز کیساتھ ریس لگاتے ہوئے اچانک یو ٹرن پر سامنے سے آنیوالی کار سے جا ٹکرائے، جس سے دونوں بائیکرز احسان اور علی شیر زخمی ہو گئے،جنہیں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔علاوہ ازیں تھانہ صدرشیخوپورہ کے علاقہ مرزاورکاں گا ئوں کے قریب موٹرسائیکل سوار 22سالہ علی ولدمشتاق تیزرفتاری کیباعث گدھاگاڑی سے ٹکرا کر موقع پر ہی دم توڑگیا ،ریسکیو1122 نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔