گھر کی دہلیز پر وکیل قتل

 میاں نویدایڈووکیٹ کار پر بچوں کو سکول چھوڑ کرواپس گھر پرپہنچا توموٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی 
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کے علاقے چوہنگ میں موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے وکیل کو گھر کی دہلیزپر قتل کردیا ،پولیس کا کہنا ہے کہ پہلی بیوی کو طلاق ،جائیداد یا ایک 8سالہ پرانا کیس اس قتل کی وجہ ہو سکتا ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔بتایاگیاہیکہ چوہنگ کے علاقے سلطان ٹائون میں میاں نویدایڈووکیٹ کار پر اپنے بچوں کو سکول چھوڑ کرواپس گھر کے گیٹ پرپہنچا تو پیچھا کرنیوالے نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا ،حملہ آور فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق ملزموں کی شناخت کیلئے قریبی کیمروں اور سیف سٹی فوٹیجز سے تصاویر حاصل کر لی ہیں۔ مقتول نے 2 سال قبل دوسری شادی کی جب کہ مقتول کا ایک کزن بھی کچھ عرصہ قبل قتل ہوا تھا اور میاں نوید اس کیس کی بھی پیروی کررہا تھا۔میاں نوید کے پراپرٹی کے مسئلے بھی چل رہے ہیں اور وہ پہلی بیوی کو طلاق دے چکا ہے۔تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ اس سے قبل بھی اس پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا۔مقتول کے والد میاں محمد جمیل کا کہناہیکہ وہ سامنے آنے پر ملزموں کو پہچان سکتے ہیں۔